ہیلا کنڈی 9جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) آسام میں ایک خاتون نے پولس تھانہ میں شکایت درج کی ہے کہ ایک رکن اسمبلی نے گزشتہ ماہ اس کے شوہر کی مدد سے اس کے ساتھ مبینہ طور پر دو مرتبہ عصمت دری کی ہے ۔ خاتون کی شکایت پر ہیلاکنڈی صدر پولیس تھانے میں ملزم کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کیا گیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ خاتون نے الزام لگایا ہے کہ یو ڈی ایف ممبر اسمبلی نظام الدین چودھری نے 19 مئی کو ہیلا کنڈی سرکٹ ہاؤس اور بعد میں 23 مئی کو اس کے گھر پر اس کی عصمت دری کی۔
پولیس تھانے کے انچارج افسر سرجیت چودھری نے کہا کہ خاتون نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں ہی موقع پر اس کے شوہر نے ممبر اسمبلی کا تعاون کیا ۔ عورت کی شکایت کی بنیاد پر جمعہ کو ایک ایف آئی آر درج کی گئی۔ ممبر اسمبلی نے اگرچہ الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ مکمل طور پر بے بنیاد اور میرے خلاف ایک سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ عورت نے اپنے خاندانی مسئلہ کو حل کرنے کے لئے اس سے اپنے شوہر کے ساتھ ملاقات کی تھی اور اس کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ خاتون نے اپنی شکایت میں ممبر اسمبلی پر الزام لگایا ہے کہ اس نے اسے گوہاٹی لے جانے کی کوشش کی تھی لیکن اس نے خود کشی کی دھمکی دینے کے بعد اپنا منصوبہ ترک کردیا ۔خاتون نے الزام لگایا ہے کہ اس کا شوہر اس کو گھر سے باہر جانے نہیں دے رہا تھا ورنہ وہ پہلے ہی پولیس میں شکایت درج کراتی، خاتون کے مطابق شوہر نے اسے زبردستی گھر کے اندر بند کر دیا تھا۔ پولس واقعے کی چھان بین کررہی ہے۔